شال بلوچستان میں جاری مون سون بارشوں کے باعث اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 19ہوگئی ہے ، محکمہ پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق پشین کے علاقے منزاری ڈیم میں دو بچوں کے ڈوب کر جاں بحق ہونے سمیت تین افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبے میں یکم جولائی سے اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 19ہوگئی ہے،
جبکہ11افراد زخمی ہوئے ہیں ۔
محکمہ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں اب تک بارشوں کے باعث 126مکانات مکمل جبکہ 307جزوی طور پر تباہ ہوئے ہیں جس سے 3031افراد متاثر ہوئے ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں یکم جولائی سے اب تک 6پلوں،31کلو میٹر سڑکوں، 102ایکڑ زرعی زمین کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 31مال مویشی ہلاک ہوئے ہیں ۔
دوسری جانب پیر کو خضدار، آواران، لسبیلہ ،پنجگور، کیچ،گوادر،قلات، ژوب، بارکھان، لورالائی، کوہلو، سبی، کوئٹہ، چمن، قلعہ سیف اللہ اورزیارت میں تیز ہواوںاور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا اس دوران پنجگور میں 09، لسبیلہ میں08، اورماڑہ میں 06، خضدار میں04، شال میں 01ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، لورالائی، سبی ،زیارت، لسبیلہ، قلات ، خضدار اور نصیر آباد میں تیز ہواوںاور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔