اساطیر سے حقیقت تک
تحریر۔ رامین بلوچ

چِلتل (Chiltal)، جسے غلط الفہم اور نوآبادیاتی بیانیے کے زیرِ اثر “چلتن” کہا جانے لگا، دراصل ایک ایسے تاریخی و تہذیبی مغالطے کی نمایاں مثال ہے جس میں قومی روایات، لسانی حقائق اور جغرافیائی شناخت کو دانستہ طور پر اساطیری اور مذہبی حکایات کے پردے میں چھپا دیا گیا۔خصوصاً بیسویں صدی کے آخری عشرے، یعنی نوے کی دہائی میں مرتب کیے گئے پاکستانی نصابِ تعلیم کی ابتدائی کتب میں اس مقام کو ایک افسانوی انداز میں پیش کیا گیا، جہاں اسے “چالیس روحوں” کی داستان سے جوڑ دیا گیا۔ ان درسی بیانیوں میں مختلف مذہبی اور نیم مذہبی روایات کو اس طرح یکجا کیا گیا کہ حقیقت اور اساطیر کے درمیان حدِ فاصل دھندلا گئی۔
ایک روایت کے مطابق، کسی قدیم زمانے میں چالیس یتیم بچوں کو اس پہاڑ پر بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا۔ کہا جاتا ہے کہ مافوق الفطرت قوتوں نے انہیں اپنی پناہ میں لے لیا اور وقت گزرنے کے ساتھ وہ ایک پراسرار ہستی، یعنی “چلتن”، کی صورت میں معروف ہو گئے۔ یوں اس پہاڑ کا نام بھی انہی فرضی کرداروں سے منسوب کر دیا گیا۔
اسی نوعیت کی ایک اور روایت میں بیان کیا جاتا ہے کہ ایک بے اولاد جوڑے نے منت و نیاز کے بعد بیک وقت چالیس بچوں کی نعمت حاصل کی، مگر افلاس کے باعث وہ ان کی پرورش سے قاصر رہے اور انہیں پہاڑ پر چھوڑ آئے۔ کہا جاتا ہے کہ وہ بچے وہیں گم ہو گئے اور ان کی ارواح آج تک اس مقام سے وابستہ سمجھی جاتی ہیں، جس کے نتیجے میں یہ خطہ ایک روحانی اور ماورائی تصور اختیار کر گیا۔
استعمار اور نوآبادیاتی قوتوں کی یہ ایک آزمودہ حکمتِ عملی رہی ہے کہ وہ کسی خطے پر محض سیاسی تسلط ہی قائم نہیں کرتیں، بلکہ اس کی تاریخ، شناخت، ثقافت اور جغرافیائی شعور کو بھی بتدریج مسخ کر دیتی ہیں۔
یہ عمل صرف سیاسی و زمینی قبضہ تک محدود نہیں رہتا بلکہ فکری، لسانی اور تہذیبی سطحوں تک پھیل جاتا ہے، جہاں اصل معانی کو بدل کر نئی تعبیرات مسلط کی جاتی ہیں۔ اسی تناظر میں پہاڑوں، وادیوں اور قدیم مقامات کی حقیقی قومی شناخت کو افسانوی یا مذہبی حکایات میں ڈھال دیا جاتا ہے، تاکہ ان کی تاریخی معنویت کمزور پڑ جائے۔کوہِ چِلتل کی مثال اس حوالے سے نہایت اہم ہے، جسے اس کے اصل مقامی شناخت و جغرافیائی پس منظر سے کاٹ کر ایک پراسرار داستان کا روپ دے دیا گیا۔ اس عمل کے نتیجے میں نہ صرف اس کی وجۂ تسمیہ مسخ کی گئی بلکہ اس سے جڑی تاریخ بھی دھندلا دی گئی۔حقیقت یہ ہے کہ نوآبادیاتی بیانیہ ہمیشہ قومی شعور، روایات اور زبان کو ثانوی حیثیت دیتا ہے، اور اس کی جگہ ایسا بیانیہ قائم کرتا ہے جو استعماری مفادات سے ہم آہنگ ہو۔ یہی وجہ ہے کہ بلوچ وطن کے متعدد مقامات کے نام تبدیل کیے گئے یا انہیں مخصوص مذہبی و اساطیری مفاہیم میں محدود کر دیا گیا، تاکہ ان کی قدیم، تاریخی شناخت پس منظر میں چلی جائے۔
قدیم بلوچ روایات میں اس کی وجہِ تسمیہ “چل تلار” بیان کی جاتی ہے، جس کے معنی “چالیس چٹانوں یا چوٹیوں کا پہاڑ” کے ہیں۔ اس سے یہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ اس پہاڑ میں چالیس تہہ دار اور گہری چٹانیں پائی جاتی ہیں۔اس کی سطحِ مرتفع یا طول( بروری) سے شروع ہو کر (لک پاس) پر اختتام پذیر ہوتی ہے۔ یہ شال کے جنوب مغرب میں واقع ہے اور سلسلۂ کوہِ ہندوکش اور کوہِ سلیمان سے منسلک ایک اہم پہاڑی کڑی کی حیثیت رکھتا ہے۔ بعض مورخین اسے کوہِ وسطی ہربوئی (کوہِ کردان) کے ممکنہ ذیلی سلسلوں میں شمار کرتے ہیں، جو جغرافیائی اور تاریخی دونوں حوالوں سے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔
کوہِ چِلتل دراصل اُس وسیع پہاڑی نظام کا حصہ ہے جو ہندوکش اور کوہِ سلیمان کے سلسلوں سے مربوط ہے۔ یہ پورا خطہ جنوبِ وسطی ایشیا کے اُن علاقوں میں شامل ہے جہاں زمین کی ساخت مسلسل تغیر پذیر رہی ہے۔ شال کی وادی خود ایک ٹیکٹونک بیسن (Tectonic Basin) ہے، جس کے گرد پہاڑی سلسلے قدرتی حصار بناتے ہیں، اور چِلتل انہی میں سے ایک نمایاں اکائی ہے۔سائنسی اعتبار سے کوہِ چِلتل کی تشکیل کو پلیٹ ٹیکٹونکس کے بغیر نہیں سمجھا جا سکتا۔ لاکھوں بلکہ کروڑوں سال قبل زمین کی ٹیکٹونک پلیٹس باہم ٹکرائیں۔ اس عمل کے نتیجے میں زمین کی تہیں مڑ گئیں (folding)، کہیں کہیں دراڑیں (faults) پیدا ہوئیں، بعض حصے اوپر اُٹھ گئے اور بعض نیچے دھنس گئے۔ کوہِ چِلتل انہی ارضیاتی حرکات کا نتیجہ ہے اور اس کی ساخت فولڈڈ ماؤنٹین (Folded Mountain) کی خصوصیات رکھتی ہے۔
اسی تناظر میں بلوچ مورخ ڈاکٹر فاروق بلوچ کا خیال قرینِ قیاس معلوم ہوتا ہے کہ چِلتل کبھی ہربوئی رینج یا کوہِ کردان جیسے وسطی پہاڑی سلسلوں کا حصہ رہا ہوگا۔ ارضیات میں ایسے متعدد شواہد ملتے ہیں کہ بڑے پہاڑی سلسلے وقت کے ساتھ ٹوٹ کر الگ اکائیوں میں تقسیم ہو جاتے ہیں۔ فالٹ لائنز (Fault Lines) کے باعث زمین کے حصے ایک دوسرے سے سرک جاتے ہیں، اور شدید زلزلے کسی خطے کی ساخت کو مستقل طور پر تبدیل کر دیتے ہیں۔
لہٰذا یہ ممکن ہے کہ چِلتل اور ہربوئی کے مابین ربط کبھی زیادہ مضبوط رہا ہو۔ چٹانوں کی عمر کے تعین (Rock Dating) سے بھی اس امر کے شواہد مل سکتے ہیں کہ یہ دونوں سلسلے کسی زمانے میں ایک ہی ارضیاتی نظام کا حصہ تھے۔
کوہِ چِلتل (Chiltal) بلوچستان کے اُن ممتاز پہاڑی سلسلوں میں شمار ہوتا ہے جو نہ صرف اپنی ہیبت اور بلندی کے باعث نمایاں ہیں بلکہ خطۂ شال (کوئٹہ) کی جغرافیائی شناخت میں بھی بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ شال کی وادی اپنی ساخت کے اعتبار سے ایک بیضوی پیالے (Basin) کی مانند ہے، جسے چار اہم پہاڑی سلسلےکوہِ چلتل، کوہِ تکتو، کوہِ زرغون اور کوہِ مہر دارقدرتی حصار کی صورت میں گھیرے ہوئے ہیں۔ یہ ترتیب جغرافیائی اتفاق نہیں بلکہ ایک طویل ارضیاتی اور تاریخی عمل کا نتیجہ ہے، جس نے اس خطے کو قدرتی قلعے کی شکل دے دی ہے۔
شال کی یہ گھیراؤ نما ساخت دراصل ایک “انٹر مونٹین بیسن” (Intermontane Basin) کی مثال ہے، جہاں چاروں طرف بلند پہاڑ اور درمیان میں نسبتاً ہموار میدان ہوتا ہے۔ اس قسم کی ساخت دنیا کے اُن علاقوں میں پائی جاتی ہے جہاں زمین کی تہیں شدید دباؤ کے نتیجے میں مڑتی اور اُبھرتی رہی ہوں۔کوہِ چِلتل اس حصار کے جنوب مغرب میں واقع ہو کر ایک مضبوط قدرتی دیوار کا کردار ادا کرتا ہے، جبکہ تکتو اور زرغون شمال اور مشرقی سمتوں میں توازن قائم رکھتے ہیں۔ کوہِ مہر دار جسے مقامی طور پر “سورج کا دروازہ” بھی کہا جاتا ہے اس نظام میں ایک علامتی اور جغرافیائی حیثیت رکھتا ہے، جہاں سے سورج کے طلوع و غروب کے مناظر خطے کی بصری شناخت بناتے ہیں۔
یوں شال ایک قدرتی قلعہ، ایک ارضیاتی تجربہ گاہ اور ایک تہذیبی سنگم کے طور پر سامنے آتی ہےجہاں فطرت اور تاریخ باہم ہم آغوش دکھائی دیتے ہیں۔
کوہِ چلتل سطحِ سمندر سے تقریباً 3,194 میٹر (10,479 فٹ) کی بلندی پر واقع ہے، جو اسے بلوچستان کی نمایاں اور باوقار چوٹیوں میں شامل کرتی ہے۔ اس کی ساخت خشک، سنگلاخ اور نیم صحرائی ماحول کی آئینہ دار ہے، تاہم اس کے دامن میں حیاتیاتی و نباتاتی تنوع کی ایک دلکش اور معنی خیز جھلک موجود ہے، جو اس خطے کی ماحولیاتی پیچیدگی اور فطری توازن کی غماز ہے۔اپنی فطری دلکشی، جغرافیائی انفرادیت اور حیاتیاتی تنوع کے باعث کوہِ چلتل ایک اہم سیاحتی مرکز کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ یہ مقام نہ صرف قدرتی حسن کا مظہر ہے بلکہ ایک خاموش مگر بامعنی سیاسی و تہذیبی، روداد کا پیش رو ہے جہاں زمین کی ساخت، تاریخ کے چیدہ اور انسانی شعور ایک دوسرے سے ہم کلام دکھائی دیتے ہیں۔
کوہِ چِلتل کو دہائیوں سے پراسرار قوتوں اور اساطیری حکایات کی نذر کر کے اس کی بنیادی تاریخی روح کو مسخ کیا گیا ہے۔ مختلف نوآبادیاتی داستانوں میں اس کے حوالے سے قیاسی مفروضے اور من گھڑت قصے اس طرح منسلک کیے گئے کہ اس کی بنیادی جغرافیائی اور تہذیبی حیثیت پسِ منظر میں چلی گئی۔کوہِ چلتل جیسے پہاڑی سلسلے کو ماورائی طاقتوں کا مسکن بنا کر پیش کرنا دراصل اس کے تاریخی تشخص کے ساتھ بے ایمانی ہے۔ اس کے بارے میں سنجیدہ تاریخی شعور کی تشکیل کے بجائے اسے تخیلاتی تعبیرات، مافوق الفطرت داستانوں اور اساطیری بیانیوں میں ملفوف کر دیا گیا، حالانکہ یہ خطہ اپنے اندر ایک ہمہ جہت مادی، جغرافیائی اور انسانی تاریخ سموئے ہوئے ہے، جسے علمی تحقیق اور بصیرت کے ذریعے سمجھنا ناگزیر ہے۔
تاریخ کی روشنی مین دیکھا جائے تو پہاڑی اور دشوار گزار خطے ہمیشہ انسانی تہذیب کے ارتقاء میں کلیدی کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ کوہِ چلتل بھی اسی تسلسل کا ایک معنی خیز حصہ ہے۔ اس کی جغرافیائی ساخت، موسمی حالات اور قدرتی وسائل اس امر کی شہادت دیتے ہیں کہ یہ علاقہ مختلف ادوار میں انسانی آمد و رفت، قیام اور ثقافتی تعامل کا مرکز رہا ہوگا۔ مگر جب اس خطے کو محض جنّات، ارواح یا پراسرار قوتوں سے منسوب کر دیا جاتا ہے تو اس کا حقیقی تاریخی مطالعہ نظر انداز ہو جاتا ہے۔
اساطیری بیانیے، جیسا کہ لوک روایتوں میں عام ہیں، کسی معاشرے کی نفسیاتی اور ثقافتی ساخت کی عکاسی ضرور کرتے ہیں، مگر انہیں تاریخ کا نعم البدل قرار نہیں دیا جا سکتا۔ کوہِ چلتل کے بارے میں “چالیس بچوں” کی حکایات یا غیبی قوتوں کے مسکن کی داستانیں علامتی اور تمثیلی اظہار تو ہو سکتی ہیں، لیکن انہیں تاریخی حقیقت کے طور پر قبول کرنا علمی دیانت کے منافی ہے۔
علمی و تحقیقی نقطۂ نظر سے تاریخ کا انحصار مستند ٹھوس شواہد آثارِ قدیمہ، مستند تحریری مآخذ اور جغرافیائی تجزیے پر ہوتا ہے، جب کہ اساطیر زیادہ تر زبانی روایت، تخیل اور مبالغہ آرائی کی پیداوار ہوتی ہیں۔ جب کوہِ چلتل کو محض ایک پراسرار اور خوف انگیز مقام کے طور پر پیش کیا جاتا ہے تو اس کی تہذیبی پرتیں، قدیم انسانی سرگرمیوں کے آثار اور علاقائی تاریخ کے اہم پہلو نظروں سے اوجھل ہو جاتے ہیں۔
بلا شبہ اس امر میں کوئی گنجائشِ انکار نہیں کہ اساطیری بیانیوں کے پسِ پردہ ایک گہرا سیاسی و سماجی محرک کارفرما ہوتا ہے۔ نوآبادکاروں، بیرونی حملہ آوروں اور مذہبی غلبے کے داعیوں کے تصورات اکثر کسی خطّے کی حقیقی شناخت کو محو و ماند کر دیتے ہیں۔ یہی بیانیے، خواہ دانستہ ہوں یا نادانستہ، اُس سرزمین کو “دوسرے” کے سانچے میں ڈھال دیتے ہیں، تاکہ اس کی تاریخی اہمیت کو کم تر ثابت کیا جا سکے اور اسے سنجیدہ علمی و فکری مباحث سے باہر رکھا جائے۔کوہِ چلتل کے باب میں بھی اسی طرزِ عمل کی جھلک نمایاں ہے۔ اس کے جغرافیائی امتیاز اور تاریخی وقار کو نظرانداز کر کے اسے محض ایک افسانوی علامت کی حیثیت دے دی گئی ہے۔ یوں ایک ایسا مقام، جو اپنے اندر تہذیبی تسلسل اور تاریخی شعور کی گہرائیاں سموئے ہوئے ہے، روایتِ اساطیر میں محدود ہو کر اپنی اصل معنویت سے محروم دکھائی دیتا ہے۔ ایسے مقامات کی تعبیرِ نو ناگزیر ہے، تاکہ ان کی حقیقی تاریخی و جغرافیائی حیثیت کو ازسرِ نو آشکار کیا جا سکے اور ان کی معنوی و تہذیبی قدر کو اس کے شایانِ شان انداز میں سمجھا جا سکے۔
وقت کا تقاضا ہے کہ کوہِ چلتل کو اساطیری پردوں سے باہر نکال کر ایک سائنسی، تاریخی اور تنقیدی زاویۂ نگاہ سے دیکھا جائے۔ اس مقصد کے لیے آثارِ قدیمہ کی منظم تحقیق، مقامی تاریخ کی تدوین، اور جدید سائنسی و تحقیقی طریقۂ کار کو بروئے کار لانا ناگزیر ہے، تاکہ اس خطے کی حقیقی تاریخی روح کو بازیافت کیا جا سکے اور اسے اس کے اصل مقام پر فائز کیا جا سکے۔
تاریخی اعتبار سے بلوچ خطے میں شال ایک ایسے سنگم کی حیثیت رکھتا ہے جو اپنے معنوی و تہذیبی پس منظر میں یروشلم سے مشابہ دکھائی دیتا ہے، جہاں جغرافیہ، تہذیب اور تاریخ باہم ہم کلام نظر آتے ہیں۔ یہ محض ایک وادی نہیں، بلکہ صدیوں سے مختلف اقوام، قافلوں اور تہذیبوں کی آمد و رفت کا مرکزی گزرگاہ رہا ہے۔ اسی تناظر میں کوہِ چِلتل کی اہمیت نہایت نمایاں ہو جاتی ہے، جو اس پورے خطے پر ایک خاموش نگران اور عہد بہ عہد کے گواہ کے طور پر سایہ فگن ہے۔قدیم ادوار میں، جب ریاستی سرحدوں کا تصور ابھی واضح اور مستحکم نہ تھا، شال ایک فطری راہداری کے طور پر استعمال ہوتا رہا۔ وسطی ایشیا سے آنے والے قافلے افغانستان کے سنگلاخ درّوں سے گزرتے، ایران کے وسیع میدانوں سے جڑتے اور ہندوستان کے زرخیز وادیوں تک رسائی حاصل کرتے تھے۔ ان تمام راستوں میں کوہِ چلتل کی بلندیوں کے دامن سے گزرنے والی گزرگاہیں خصوصی اہمیت رکھتی تھیں۔ یہ محض تجارتی راستے نہ تھے بلکہ تہذیبی شاہراہیں تھیں، جہاں زبانیں، افکار، عقائد اور رسوم باہم آمیز ہو کر نئی صورتیں اختیار کرتے رہے۔
کوہِ چلتل اپنی جگہ استوار رہتے ہوئے ایک “خاموش مؤرخ” کی حیثیت رکھتا ہے، جو اپنے سینے میں ہزاروں برس کی داستانیں محفوظ کیے ہوئے ہے۔ یہ پہاڑ انسانی سفر، ہجرت، جنگ، تجارت اور باہمی تعامل کے طویل سلسلوں کا عینی شاہد رہا ہے۔ اس کے دامن میں موجود آثار، قدیم گزرگاہوں کی ساخت اور تاریخی روایات اس امر کی واضح شہادت دیتے ہیں کہ یہ خطہ انسانی تاریخ کے ایک متحرک اور ہمہ جہت باب کا حصہ رہا ہے۔اس کی جغرافیائی ساخت اسے ایک قدرتی دفاعی حصار کی صورت عطا کرتی ہے۔ یہ بلند و بالا پہاڑی سلسلے نہ صرف موسمی اثرات کو محدود کرتے ہیں بلکہ تاریخی طور پر بیرونی یلغاروں کے لیے ایک مضبوط رکاوٹ بھی ثابت ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ شال کی وادی، ایک جانب کھلی گزرگاہ ہونے کے باوجود، دوسری جانب ایک محفوظ پناہ گاہ کا کردار بھی ادا کرتی رہی ہے۔
یوں کوہِ چلتل محض ایک قدرتی تشکیل نہیں، بلکہ ایک زندہ تاریخی متن ہے،جس کے اوراق میں انسانی تہذیب کے ان گنت نقوش، سفرنامے اور داستانیں ثبت ہیں،جو آج بھی سنجیدہ فکری مطالعے اور تحقیقی بصیرت کے متقاضی ہیں۔
چلتل ایک علامت (Symbol) ہے جو تاریخ، تہذیب، نفسیات اور قومی شعور کے مختلف دائروں کو اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے۔ بلوچ فکر میں چلتل محض ایک پہاڑ نہیں بلکہ ایک زندہ استعارہ ہے، جو استقامت، مزاحمت اور قومی شناخت کی تشکیل میں ایک مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔ جب ہم کسی شے کو “علامت” کہتے ہیں تو ہم اسے اس کے مادی وجود سے بلند کر کے ایک معنوی سطح پر لے جاتے ہیں۔ چلتل بھی اسی ارتقاء سے گزرا ہے۔ اس کی سنگلاخ چوٹیاں اور سخت جغرافیہ دراصل بلوچ قوم کی تاریخی جدوجہد کی عکاسی کرتے ہیں جس میں چلتن ایک وجودی (Existential) علامت بن جاتا ہے۔ تاریخی طور پر بلوچ خطہ ہمیشہ بیرونی یلغار ، کا میدان رہا ہے۔ ایسے میں چلتن ایک “سنگر” (مورچہ) ہے
چلتل کے دامن میں کھلنے والے سرخ ٹیولپس (لال گواڑخ ) صرف نباتاتی حسن نہیں رکھتے، بلکہ اپنے رنگ اور معنویت میں فتح و آجوئی کے علامت بن جاتے ہیں۔ ان کی سرخی گواہی دیتی ہے جہاں جدوجہد نے اپنے نقش ثبت کیے اور جہاں امید نے اپنے لہو سے راستہ بنایا۔چلتن کے دامن میں اُگنے والے سہ رنگی پھول، ایک ایسے عہد کی یادگار ہیں جو شہیدوں کے لہو سے رقم ہوتاہے یہ پھول کسی عام بہار کا اظہار نہیں بلکہ قربانی، مزاحمت، خونِ جفا کشی اور آزادی کی تابناک بہار ہیں۔ ان کی ہر پنکھڑی ایک داستان رکھتی ہے ان پھولوں کی ہر پنکھڑی میں کسی نہ کسی شہید کی سنہری کہانی پوشیدہ ہے اس کے دامن میں جب بہار اپنی پوری رعنائی کے ساتھ اترتی ہے تو زمین محض رنگ نہیں اوڑھتی، بلکہ بیانیہ جنم دیتاہے آزاتی اور وت واجہی کا یہ پھول جب ہوا کے نرم لمس میں جھومتے ہیں تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے بلوچستان اپنے زخموں کے باوجود مسکرا رہی ہو۔
چلتن کے دامن میں اگنے والے یہ سہ رنگی مناظرزمین، پھول اور آسمان آزادی کی علامتی پرچم کی صورت اختیار کر لیتے ہیں۔ یہ پرچم کسی ایک رنگ یا ایک شناخت کا نہیں بلکہ ان تمام رنگوں کا ہے جو قربانی، صبر، مزاحمت اور آزادی کے درمیان بُنے گئے ہیں۔ سرخ رنگ یہاں محض جمالیاتی انتخاب نہیں بلکہ خون اور زندگی کے درمیان ایک علامتی ربط ہے، جبکہ سبز اور زرد جھلکیں امید اور بقا کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔سرخ پھولوں کا کھلنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ تاریخ صرف کتابوں میں نہیں لکھی جاتی، بلکہ زمین پر بھی اگتی ہے؛ وہ پنکھڑیوں میں سانس لیتی ہے اور ہوا کے یاداشت کے ساتھ سفر کرتی ہے۔چلتل، جو صدیوں سے اس خطے کا نگہبان ہے، آج بھی استقامت کی ایک زندہ علامت ہے۔ ہر بہار جب اس کے سینے پر پھول پھر سے کھل اٹھتے ہیں تو گویا زمین یہ اعلان کرتی ہے کہ جدوجہد لمحاتی نہیں بلکہ نسل در نسل پھیلنے والا ایک مسلسل سفر ہے۔
یہ سرخ پھول فطرت اور تاریخ کے مابین ایک ایسا پُل ہیں جو اپنی” ہکل "کے ساتھ دو زمانوں کو باہم مربوط کر دیتے ہیں۔ ایک طرف یہ فطرت کے حسنِ ازل کی نمائندگی کرتے ہیں، دوسری جانب یہ تاریخ کے اُن ابواب کی طرف اشارہ کرتے ہیں جو جدوجہد، قربانی اور انسانی حوصلے کے نقوش سے روشن ہیں۔ یہ پھول محض نباتاتی مظہر نہیں بلکہ ایک علامتی زبان رکھتے ہیں، جو زمین کی خاموشی میں گم صدیوں کے واقعات کو ازسرِ نو بیان کرتے ہیں۔ ان کی سرخی وقت کی تہہ میں دبی ہوئی کہانیوں کو ابھارتی ہے، گویا فطرت خود تاریخ کی گواہی دے رہی ہو۔ جو فطرت کی لطافت اور جدوجہد کی سخت حقیقتوں کو ایک ہی منظرنامے میں سمو دیتا ہے۔ ان کی موجودگی میں زمین صرف زمین نہیں رہتی، بلکہ ایک ایسا صفحہ بن جاتی ہے جس پر فطرت اور تاریخ دونوں اپنے اپنے رنگ میں رقم ہیں۔
کوہِ چِلتل کے ساتھ ہماری نسبت محض کسی رومانوی یا جذباتی وابستگی تک محدود نہیں، بلکہ یہ ایک نہایت گہرا، تہہ دار اور فطری و عقیدتی رشتہ ہے جو وقت کے بہاؤ کے ساتھ ساتھ مزید استحکام اور معنوی وسعت اختیار کرتا چلا گیا ہے۔ یہ وہ تعلق ہے جو زمین، تاریخ اور قومی یاداشت کے درمیان ایک مسلسل مکالمے کی صورت اختیار کیے ہوئے ہے۔اس کے دامن میں آزادی کے بے شمار سورماؤں اور شہداء کی یادیں، قصے اور نشانات بکھرے ہوئے ہیں، جو اس خطے کی تاریخِ مزاحمت کا ایک زندہ اور توانا حوالہ بنتے ہیں۔
یہ وہ پہاڑ ہے جس کی آغوش میں بابا خیر بخش مری بھی آسودۂ خاک ہیں۔ ان کی نسبت نے کوہِ چلتل کو مزید ایک فکری و سیاسی علامت کی حیثیت عطا کی ہے، یوں یہ پہاڑ محض پتھروں اور بلندیوں پر مشتمل ایک پہاڑ نہیں ، بلکہ ایک کثیرالجہتی علامت بن جاتا ہےجہاں مزاحمت ، جدوجہدِ آزادی ، اور قومی شعور سب ایک ہی وجود میں سمٹ آتے ہیں۔
تاریخی اعتبار سے بلوچ خطہ ہمیشہ سے محض ایک جغرافیائی وحدت نہیں بلکہ تہذیبی، سیاسی اور مزاحمتی تجربات کا ایک متحرک میدان رہا ہے۔ یہاں کی زمین نے صدیوں تک بیرونی یلغاروں، نہ صرف دیکھا ہے بلکہ ان کے اثرات کو اپنی اجتماعی یادداشت میں محفوظ بھی کیا ہے۔ ایسے میں کوہِ چلتل کو صرف ایک پہاڑ کے طور پر دیکھنا اس کی معنوی وسعت کو محدود کرنے کے مترادف ہوگا، کیونکہ یہ اپنی فطری ساخت میں ایک ایسے “علامتی سنگر” کی صورت اختیار کرتا ہے جو جغرافیے سے آگے بڑھ کر تاریخ، شعور اور مزاحمت کی علامت بن جاتا ہے۔
پہاڑ، اپنی اصل میں، محض زمینی ابھار نہیں ہوتے بلکہ انسانی تہذیبوں کے لیے قدرتی حد بندی، تحفظ اور شناخت کے استعارے بھی ہوتے ہیں۔ چلتل کا پہاڑی وجود بھی اسی تناظر میں ایک “فطری قلعہ” یا مورچے کی حیثیت اختیار کرتا ہے، جہاں زمین اپنی سختی کے ذریعے کمزور نہیں بلکہ مزاحم بن جاتی ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں جغرافیہ، سیاست میں بدل جاتا ہے، اور زمین محض پس منظر نہیں رہتی بلکہ تاریخ کے متن میں فعال کردار ادا کرنے لگتی ہے۔
بلوچ خطے کی تاریخ میں بار بار یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ طاقت کے بیرونی مراکز جب بھی اس خطے کی طرف متوجہ ہوئے، تو انہیں محض انسانی مزاحمت ہی نہیں بلکہ جغرافیائی مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ پہاڑوں کی یہ فطری ترتیب، ان کے دشوار گزار راستے، اور ان کی خاموش مگر سخت موجودگی، ایک ایسی دیوار بن جاتے ہیں جو حملہ آور قوتوں کے لیے محض جسمانی نہیں بلکہ نفسیاتی رکاوٹ بھی پیدا کرتی ہے۔ چلتل اسی جغرافیائی منطق کا ایک روشن مظہر ہے، پہاڑ اور انسان کے درمیان تعلق ایک سادہ طبیعی رشتہ نہیں رہتا بلکہ ایک تہذیبی معاہدے کی صورت اختیار کر لیتا ہے، جس میں زمین گواہ بھی ہے اور حصہ دار بھی۔
