شال بلوچ فار مسنگ پرسنز اور جبری طور پر لاپتہ کئے گئے اہلخانہ کے زیر اہتمام ماما قدیر بلوچ اور لاپتہ افراد کے لواحقین نے ان کی بازیابی کے لئے کیمپ سے احتجاجی ریلی نکالی جو عدالت روڈ ، سرکلر روڈ ، جناح روڈ، منان چوک اور عدالت روڈ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا ۔
حق دو تحریک کے سربراہ رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن سمیت دیگر نے بھی ریلی میں شرکت کی ۔
ریلی کے شرکاءنے نور عالم سمیت دیگر لاپتہ کئے گئے اپنے پیاروں کی بازیابی کے لئے نعرہ بازی کی ۔
مظاہرین نے کہاکہ نور عالم کو گزشتہ 7 سال سے جبری لاپتہ کیا گیا ہے تا حال اس کا کچھ معلوم نہیں کہ وہ کہاں ہے۔
انھوں نے کہاکہ ہمارے لاپتہ کئے گئے پیاروں پر کوئی الزام ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے تاکہ قانون کے مطابق ان کے خلاف کارروائی ہوسکے۔ اگر انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا تو انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے تاکہ ان کے پیاروں کو جس اذیت اور قرب سے گزرنا پڑتا ہے اس اذیت اور انتظار سے انہیں نجات مل سکے۔
مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے بعد ازاں پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔