پاکستانی فورسز نے بہادر اور دلیر صحافی عثمان خان کے گھر کا محاصرہ کر لیا ہے۔ عثمان خان نے ہمیشہ اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر بلوچ مظاہرین کی آواز دنیا تک پہنچائی۔ ان کی بے باک اور حقیقت پر مبنی صحافت نے ہمیشہ سچائی کو اجاگر کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار بلوچ نیشنل موومنٹ بی این ایم کے سابق چیئرمین خلیل بلوچ نے جاری بیان میں کیا ہے ۔
انھوں نے کہاہے کہ عثمان خان کی جرات اور ہمت ان کی بے خوف رپورٹنگ سے عیاں ہے۔ انہوں نے ہر محاذ پر مظلوموں کی چیخ و پکار اور ظلم کی ہر داستان کو سامنے لانے کی کوشش کی ہے۔ ان کی یہی بے خوفی اور دیانتداری پاکستانی ریاست کی نظروں میں کانٹے کی طرح چھب رہی ہے۔ ان کے ساتھ ہونے والا یہ سلوک نہایت ہی قابل مذمت ہے، کیونکہ یہ نہ صرف ایک صحافی پر، بلکہ آزادیٔ اظہار رائے پر حملہ ہے۔
بی این ایم کے سابق چیئرمین نے کہاہے کہ ہم عثمان خان کے ساتھ ہیں اور ان کی سلامتی کے لیے دعاگو ہیں۔ صحافت اور سچائی کے علمبرداروں کو دبانے کی یہ کوشش کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی، کیونکہ سچائی کبھی بھی دبائی نہیں جا سکتی۔ ہم پاکستانی فورسز کی اس حرکت کی سختی سے مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ عثمان خان اور ان کے خاندان کو فوری طور پر پاکستانی بربریت سے تحفظ دیا جائے۔