
خضدار کے علاقے باغبانہ حسن زئی باجوئی سے رات کی تاریکی میں 12 سالہ معصوم بچی عائشہ بی بی کو مبینہ طور پر بااثر قبائلی افراد نے اغواء کرلیا۔ واقعے کے خلاف بچی کے ورثاء اور خواتین نے قومی شاہراہ کو احتجاجاً بند کردیا۔
عینی شاہدین کے مطابق مظاہرین نے چککو چیک پوسٹ باجوئی کراس کے مقام پر سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جب تک عائشہ بی بی بازیاب نہیں ہوتی، شاہراہ بند رہے گی۔ احتجاج میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک رہی۔
اس موقع پر مولانا رحمت اللہ اور دیگر ورثاء نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی معصوم بچی کی بازیابی کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ، کورکمانڈر بلوچستان، کمشنر قلات ڈویژن، ڈپٹی کمشنر خضدار اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری کارروائی کرتے ہوئے بچی کو بازیاب اور ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔
مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر حکام نے فوری نوٹس نہ لیا تو قومی شاہراہ غیر معینہ مدت تک بند رہے گی۔
