
ہرنائی: تحصیل شاہرگ کے علاقے زرغون غر، شعبان دلوانی میں نامعلوم مسلح افراد نے ماری گیس کمپنی کے چھ مزدوروں کو اغوا کر لیا۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مغویوں کی باحفاظت بازیابی کے لیے سرچ اور تفتیشی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق اغوا ہونے والے مزدوروں میں جلات خان ولد مراد خان، محمد ہاشم ولد حسن خان، کمال خان ولد جمال خان، جہانگیر خان ولد حاجی محمد، محمد عظیم ولد دریا خان اور روزے خان ولد فضل خان شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق تمام مغوی مزدوروں کا تعلق پشتون برادری کے دمڑ قبیلے سے ہے۔ تاحال کسی گروہ یا تنظیم نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، جبکہ اغوا کی وجوہات بھی فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مغویوں کی جلد اور محفوظ بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

