
بلوچستان کے اضلاع کیچ اور خاران میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کو بم دھماکے کا نشانہ بنایا، جب کہ خاران میں فوج کی جانب سے نصب کیے گئے کیمروں کو بھی تباہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق، ضلع کیچ کے علاقے زامران زامری میں اتوار کے روز نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کو بم حملے میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں فورسز کو جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
واضح رہے کہ آج زامران میں فورسز پر یہ دوسرا حملہ تھا۔ اس سے قبل پاکستانی فورسز کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس میں دو اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی سرکاری طور پر تصدیق کی گئی ہے۔
دوسری جانب، خاران بازار میں مسلح افراد نے شاہوانی چوک اور سبزی منڈی میں فوج کی جانب سے نصب کردہ نگرانی کے کیمروں کو نشانہ بنا کر ناکارہ کر دیا۔ اس دوران مسلح افراد نے علاقے میں گشت بھی کیا اور بعد ازاں نامعلوم مقام کی جانب روانہ ہو گئے۔
حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔