
گزشتہ شب بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے علاقے پیارا کالونی سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں تین جبری طور پر لاپتہ افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق تینوں افراد کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاشیں علاقے میں پھینک دی گئیں۔
قتل کیے گئے افراد کی شناخت علی بیگ ولد پاہی بگٹی، یوسف عرف وڈو ولد شاہنواز بگٹی، اور زاہد ولد عثمان بگٹی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، زاہد بگٹی اور یوسف عرف وڈو بگٹی کو 18 اکتوبر 2024 کو، جبکہ علی بیگ بگٹی کو 19 مارچ 2025 کو ڈیرہ بگٹی شہر سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا۔ لواحقین اور مقامی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ان افراد کو پاکستانی فوج اور آئی ایس آئی کے اہلکاروں نے حراست میں لیا تھا جس کے بعد سے وہ لاپتہ تھے۔
واضح رہے کہ بلوچستان بھر میں جبری طور پر لاپتہ افراد کو جعلی مقابلوں میں قتل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز بھی مشکے میں دو لاپتہ افراد کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاشیں پھینک دی گئی تھیں۔