
تربت سول سوسائٹی کے کنوینر اور معروف سیاسی کارکن گلزار دوست کو گزشتہ رات آپسر میں واقع ان کے گھر سے پاکستانی فورسز نے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا۔ اب خاندانی ذرائع کے مطابق وہ منظر عام پر آچکے ہیں اور اس وقت محکمہ انسدادِ دہشتگردی (CTD) کی تحویل میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق گلزار دوست پر اشتعال انگیز تقریر اور دیگر الزامات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں، تاہم تاحال انہیں کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا ہے۔
ان کی گرفتاری کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی، جبکہ مقامی سطح پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور سول سوسائٹی نے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
گلزار دوست کے اہلِ خانہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری طور پر عدالت میں پیش کیا جائے اور ان کے قانونی حقوق کا احترام کیا جائے۔