
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فورسز پر حملوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جبکہ سبی، کیچ اور خضدار میں حالیہ حملوں کے دوران فورسز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، خضدار کے علاقے وڈھ کے مقام پلی مَس میں قائم پاکستانی فورسز کے مرکزی کیمپ پر مسلح افراد کی بڑی تعداد نے حملہ کیا۔ اس دوران شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، اور جھڑپ کافی دیر تک جاری رہی۔
دوسری جانب، سبی ٹول پلازہ کے قریب قائم پاکستانی فورسز کی چیک پوسٹ پر بھی مسلح افراد نے جدید اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔
کیچ کے علاقے جوسک میں شیوانی پمپ کے قریب واقع کسٹم چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا، جس دوران شدید فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔
سبی پھاٹک کے مقام پر پولیس چوکی پر دستی بم سے حملہ کیا گیا، تاہم نقصانات کی تفصیلات موصول نہیں ہو سکیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سبی، خاران، آواران اور کیچ کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فورسز پر حملے کیے جا چکے ہیں، جن کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔