
کیچ: عبدوی بارڈر کی مسلسل بندش کے خلاف زمیاد گاڑیوں کے مالکان نے سی پیک شاہراہ ایم-8 پر احتجاجی دھرنا دے کر ٹریفک کی روانی معطل کر دی ہے۔ مظاہرین نے جمعرات کے روز جدگال ڈن (ڈی بلوچ) کے قریب گھنہ کے مقام پر مرکزی شاہراہ کو بلاک کر دیا، جس میں بڑی تعداد میں گاڑی مالکان شریک ہیں۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد جنگ بندی ہو چکی ہے اور ایران میں معمولاتِ زندگی بحال ہو چکے ہیں، تاہم اس کے باوجود عبدوی کراسنگ پوائنٹ بدستور بند ہے۔ ان کے مطابق بارڈر کی بندش نے روزگار کا سنگین بحران پیدا کر دیا ہے۔
احتجاج میں شریک گاڑی مالکان نے مطالبہ کیا ہے کہ عبدوی بارڈر کو فوری طور پر کھولا جائے اور وہاں لگائی گئی ‘خود ساختہ رکاوٹ’ کو ہٹا کر گاڑیوں کو دوبارہ تیل لوڈ کرنے کی اجازت دی جائے۔
مظاہرین نے کہا ہے کہ ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، وہ دھرنا ختم نہیں کریں گے اور سی پیک شاہراہ ایم-8 پر ٹریفک معطلی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
تاحال ضلعی انتظامیہ یا متعلقہ سرکاری اداروں کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات یا بارڈر کی بحالی کے حوالے سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

