
بلوچ رہنما میر جاوید مینگل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر عظیم بلوچ رہنماء نواب خیر بخش مری، شہید اسلم جان گچکی اور حمید شہید کی برسیوں کی مناسبت سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نواب خیر بخش مری کی طویل جدوجہد، ان کی عظیم قربانیاں اور فلسفۂ حیات بلوچ قومی تحریک کے لیے ایک روشن مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہیں، ان کا فکری اثاثہ آج بھی بلوچ قوم کے لیے سمت و منزل کا تعین کرتا ہے۔ اگر بلوچ قوم اس فکر و فلسفے کی سچائی سے پیروی کرے تو وہ اپنی آزادی و قومی وجود کی جدوجہد میں ضرور کامیاب ہو گی۔
میر جاوید مینگل نے مزید کہا کہ اسلم جان کی بے مثال قربانی اور حمید بلوچ کا پھانسی کے پھندے کو چومنا اس امر کی گواہی ہے کہ بلوچ قوم ہر دور میں ظلم و جبر کے خلاف سر اٹھاتی رہی ہے، اپنی شناخت، حقِ ملکیت اور وجود کی لڑائی میں کبھی پیچھے نہیں ہٹی۔ بلوچ قبضہ گیر یا حملہ آور نہیں بلکہ ایک محکوم قوم ہے جو قبضہ گیریت اور ظلم کا شکار ہے۔ یہ قربانیاں بلوچ مزاحمت کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی، جو آنے والی نسلوں کے لیے حوصلے، شعور اور استقامت کا سرچشمہ بنیں گی۔