ایمان مزاری کو ناروے میں “یوتھ انسپرائریشن ہیومن رائٹس ایوارڈ 2025” سے نوازا گیا

ناروے میں منعقدہ ورلڈ ایکسپریشن فورم (WEXFO) میں پاکستان کی معروف انسانی حقوق کی وکیل ایمان مزاری کو “یوتھ انسپرائریشن ہیومن رائٹس ایوارڈ 2025” سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز انہیں پاکستان میں آزادی اظہار، جمہوریت اور انسانی حقوق کے فروغ و تحفظ کے لیے ان کی بے خوف جدوجہد کے اعتراف میں دیا گیا۔

ایمان مزاری کو یہ ایوارڈ نوبیل انعام یافتہ صحافی ماریہ ریسا نے پیش کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ماریہ ریسا نے ایمان مزاری کو ایک بے باک، باحوصلہ اور غیر معمولی انسانی حقوق کی محافظ قرار دیتے ہوئے کہا کہ، “اس سال کا ایوارڈ ایک ایسی خاتون کو دیا جا رہا ہے جو نہ صرف قانون کی طالبہ ہیں بلکہ ایک نمایاں انسانی حقوق کی وکیل بھی ہیں۔”

ماریہ ریسا نے کہا کہ ایمان مزاری نے قانون کی بالادستی، مذہبی و نسلی مساوات، انصاف اور انسانی وقار کے لیے مسلسل آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے جبری گمشدگیوں، اظہار رائے پر جھوٹے مقدمات، اور ریاستی طاقت کے غلط استعمال کے خلاف جرات مندانہ موقف اپنایا ہے۔

ایمان مزاری ان مقدمات کی وکالت کرتی رہی ہیں جن میں عدالتوں، بیوروکریسی اور سیکیورٹی اداروں کے اختیارات کے ناجائز استعمال کو چیلنج کیا گیا۔ ان کے مؤکلین میں بلوچ سیاسی کارکن ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ بھی شامل ہیں، جنہیں مارچ 2025 سے حراست میں رکھا گیا ہے۔

مزید برآں، ایمان مزاری کو 2023 میں پشتون تحفظ موومنٹ کے ایک پرامن احتجاج میں شرکت کے بعد متعدد جھوٹے مقدمات، سائبر کرائم الزامات اور ریاستی نگرانی کا سامنا کرنا پڑا۔ بین الاقوامی تنظیموں جیسے ہیومن رائٹس واچ اور فرنٹ لائن ڈیفینڈرز نے ان کے خلاف جاری ہراسانی کی مذمت کی ہے۔

اسلام آباد میں مقیم ایمان مزاری خاص طور پر بلوچ طلبہ، جبری گمشدگیوں کے متاثرین اور سیاسی کارکنوں کے مقدمات میں قانونی و عوامی سطح پر سرگرم ہیں۔ وہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد کے اہلخانہ کی بھی وکالت کر رہی ہیں۔

ایمان مزاری کو اس اعزاز پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کارکن سمّی دین بلوچ نے اپنے ردعمل میں کہا: “مجھے بے حد خوشی ہے کہ ایمان مزاری کی جراتمندانہ جدوجہد کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ پاکستان میں آزادی اظہار اور انسانی حقوق کے لیے کھڑے ہونے والوں کے لیے ایک امید افزا پیغام ہے۔”

مدیر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

آئی ایس پی آر کا بلوچستان کے دو مختلف علاقوں میں 7 مسلح افراد کو مارنے کا دعویٰ

منگل جون 3 , 2025
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بلوچستان کے دو مختلف علاقوں میں فوجی جارحیت کے دوران سات بلوچ آزادی پسند سرمچاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فورسز نے […]

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ