
بلوچستان کے اضلاع خاران اور کیچ میں مسلح افراد کی بڑی تعداد نے ناکہ بندی کرکے لیویز کی چیک پوسٹ پر قبضہ کر لیا اور اہلکاروں کا اسلحہ ضبط کر لیا، جبکہ بالگتر میں واقع ایک فوجی کیمپ کو بھی حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خاران میں سی پیک روڈ پر بُٹ کے مقام پر مسلح افراد نے ناکہ بندی کی اور وہاں موجود لیویز کی چیک پوسٹ پر حملہ کر کے قبضہ جما لیا۔ اس دوران اہلکاروں سے اسلحہ چھین لیا گیا تاہم لیویز اہلکاروں کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچایا گیا ہے۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے بالگتر میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے ایک کیمپ پر حملہ کیا۔ ذرائع کے مطابق یہ حملہ گزشتہ روز سید آباد کے مقام پر ہوا، جہاں شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
حملے کے بعد فورسز نے علاقے میں چھاپے مارے اور مقامی گھروں کی تلاشی لی۔ بعض افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، تاہم تاحال کسی گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔