
بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، خضدار اور آواران میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کو تین مختلف حملوں میں نشانہ بنایا، اس دوران شدید دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات کوئٹہ میں ڈگری کالج سریاب کے نزدیک ایف سی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں فورسز کو نقصانات کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ شب مسلح افراد نے خضدار کے علاقے گریشہ سریج کراس میں سی پیک روڈ پر قائم پاکستانی فورسز کے کیمپ پر حملہ کیا ہے، اس دوران دس دھماکوں کے ساتھ شدید فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔
ایک اور حملے میں آواران کے علاقے جھاؤ ڈولیجی میں قائم پاکستانی فورسز کے کیمپ پر 9 مئی کی شام مسلح افراد نے بھاری اور جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ علاقائی ذرائع کے مطابق حملہ کافی دیر تک جاری رہا، جس کے دوران شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔
حملوں میں فورسز کو جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے، تاہم حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔