
بلوچستان کے اضلاع گوادر اور کیچ سے ایک لاپتہ نوجوان سمیت دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پسنی سے برآمد ہونے والی نوجوان کی لاش کی شناخت نظام ولد نور محمد سکنہ ببر شور پسنی کے طور پر ہوئی ہے۔ جنہیں 13 اپریل کو لاپتہ کیا گیا تھا۔ آج ان کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔
ادھر بلیدہ میں بھی ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔ مقتول کی شناخت ابوبکر ولد عبدالواحد کے نام سے ہوئی ہے، جو بلیدہ کا رہائشی تھا۔
لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جس کے بعد انہیں ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔
تاحال دونوں افراد کے قتل کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔