خیبرپختونخوا میں بنوں کے علاقہ بکاخیل سے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کی گاڑی میں سوار تین ملازمین کو اغوا کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تینوں ملازمین گاڑی میں ڈیزل لے کر سیدگئی کی طرف جارہے تھے۔تینوں مغویوں کا تعلق پنجاب سے بتایا جارہا ہے۔
مغویوں کی ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں اغوا کاروں کے مطالبات پورے کئے جائیں ورنہ ہمیں مار دیں گے۔
اس حوالے سے ڈی پی او بنوں ضیاء الدین احمد کا کہنا ہے کہ بکاخیل کے علاقہ سے اغوا تین ایس این جی پی ایل ملازمین کی بازیابی کیلئے آپریشن جاری ہے۔
آپریشن میں پولیس سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔
ڈی پی او ضئاء الدین نے بتایا کہ آپریشن مغویان کی بازیابی کیلئے مختلف علاقوں میں ہورہا ہے، پوری کوشش ہے کہ مغویان کو صحیح سلامت بازیاب کرانے میں کامیاب ہوجائیں۔انہوں نے بتایا کہ تھانہ سی ٹی ڈی میں نامعلوم اغواکاروں کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا ہے، ہمیں علم نہیں کہ اغواکاروں کے کیا ڈیمانڈز ہیں ۔
علاوہ ازیں رحیم یار خان میں کچے کے ڈاکوؤں نے لاپتا پولیس اہلکار کی ویڈیو جاری کردی، جس میں مغوی اہلکار اپنی رہائی کی اپیل کررہا ہے۔پولیس پر حملے سے قبل گنے کی فصل میں چھپے ڈاکوؤں کی ویڈیو بھی سامنے آگئی، ویڈیو میں ڈاکوؤں کو گنے کی فصل میں پولیس کے انتظار میں بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ویڈیو پولیس کی جوابی فائرنگ سے مارے گئے ڈاکو بشیر شر نے بنائی تھی۔واضح رہے کہ 22 اگست کو رحیم یار خان کے کچے کے علاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں نے پولیس کی 2 گاڑیوں پر حملہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں 12 اہلکار ھلاک ہوگئے تھے۔
حملے میں 6 اہلکار زخمی بھی ہوئے جبکہ 5 لاپتہ ہوئے تھے جنہیں بعد میں ریسکیو کر لیا گیا تھا۔
ڈاکوؤں نے پولیس کی گاڑیوں پر فائرنگ کے ساتھ ساتھ راکٹ بھی داغے تھے۔