
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فورسز پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین واقعات میں قلات اور ڈیرہ مراد جمالی کے علاقوں میں مسلح افراد نے فورسز کو نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق، قلات کے علاقے شیخڑی کے قریب مورگند میں پاکستانی فورسز کی دو گاڑیاں راشن لے کر اپنی پوسٹ کی جانب جا رہی تھیں کہ گھات لگائے مسلح افراد نے ان پر حملہ کر دیا۔ حملے کے دوران فورسز کو بھاری جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ حملہ آور اہلکاروں کا اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ روز بھی مورگند کے علاقے میں فورسز کے ایک پوسٹ اور راشن لے جانے والی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں نقصان ہوا تھا۔ اسی طرح قلات کے علاقے مکئی میں بھی فورسز کے پیدل اہلکاروں پر حملہ ہوا، جو راشن سپلائی کے مشن پر تھے۔
تاحال پاکستانی حکام کی جانب سے ان حملوں کی تصدیق یا تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب ڈیرہ مراد جمالی میں ہائی وے پولیس آفس کے گیٹ کے سامنے نامعلوم افراد نے دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
اب تک ان حملوں کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

