
بلوچستان کے دو مختلف اضلاع سے خاندانی جھگڑوں کے نتیجے میں قتل کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ نوشکی اور لورالائی میں پیش آنے والے ان الگ الگ واقعات میں قریبی رشتہ داروں نے ہی اپنے پیاروں کی جان لے لی ہے۔
بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے کلی جمال آباد می ایک کرائے کے مکان میں مقیم محمد یوسف کو اس کی والدہ اور دو بہنوں نے گھریلو رنجش کی بنا پر قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق قتل کے بعد لاش کو گھر کے صحن میں دفنا دیا گیا اور ملزمہ ماں اپنی بیٹیوں کے ساتھ فرار ہو گئی۔
واقعہ اس وقت سامنے آیا جب مقتول کے بھائی نے لاش سے اٹھنے والی بدبو محسوس کی اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش برآمد کی، جسے قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
لورالائی کے علاقے پٹھان کوٹ میں بیٹے نے گھریلو تنازعے کے باعث اپنے والد کو قتل کر دیا۔ مقتول کی شناخت عبدالرحیم ولد رسول داد کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ایدھی سینٹر کے عملے نے لواحقین کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
