
بلوچستان کے اضلاع آواران اور کیچ میں پاکستانی فورسز نے دو افراد کو حراست میں لینے کے بعد جبری لاپتہ کر دیا، جبکہ گورکوپ میں مارٹر شیلنگ سے دو افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق آواران کے علاقے مشکے سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان، مسلم ولد عبدالغنی اور نمروز ولد تاج محمد، کو 5 جولائی کو مشکے کے علاقے کالار سے پاکستانی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کر دیا۔ دونوں افراد مشکے کے علاقے میہی کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔
دوسری جانب کیچ کے علاقے گورکوپ میں پاکستانی فورسز نے آبادی پر مارٹر گولے داغے، جس کے نتیجے میں علی ولد غلام، شہباز ولد دوستین، نصیر ولد مہراب، جمیل ولد دلمراد، جمال ولد حمید، برکت، اقبال اور وزیر غلام زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے دو افراد بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پاکستانی فورسز کو مسلح افراد کی جانب سے شدید حملے کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد فورسز نے ردعمل میں عام آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے مارٹر شیلنگ کی۔

