
بلوچستان کے مختلف علاقوں سوراب، کیچ اور نوشکی میں پیش آنے والے واقعات میں تین افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ حملہ آور تاحال نامعلوم ہیں۔ پولیس نے مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
بلوچستان کے علاقے سوراب میں گزشتہ روز مین آر سی ڈی روڈ پر مسلم ہوٹل کے قریب نامعلوم افراد کی اندھا دھند فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والا نوجوان ذاکر حسین ولد امیر بخش ریکی، ساکن سرخ، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے گزشتہ روز کوئٹہ منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔
فائرنگ کے بعد نوجوان کو سول اسپتال سوراب منتقل کیا گیا جہاں سے تشویشناک حالت کے باعث اسے کوئٹہ ریفر کیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں تاہم قتل کے محرقات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے تمپ، ملک آباد میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے دیدگ ولد داد رحمن کو ہلاک کر دیا۔
واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے گری سے ایک شخص کی نعش برآمد ہوئی ہے، جسے فوری طور پر نوشکی کے ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ نعش کی شناخت عبد الرشید ولد نور محمد سکنہ قادر آباد کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق نعش کی حالت دیکھ کر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسے قتل کیا گیا۔
تاہم محرکات کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔