بلوچستان ضلع بولان میں گذشتہ روز سے فوجی آپریشن جاری، ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ، خاران گواش علاقہ فوجی محاصرے میں ہے ،کیچ کلبر میں جاسوس طیاروں کی مسلسل پروازیں جاری ۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے ضلع بولان میں گذشتہ روز سے پاکستانی فوج بڑے پیمانے پر فوج کشی میں مصروف ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جمبرو، پُڑ، چکی واڑ اور گردنواح کے علاقوں میں گذشتہ روز فوج کشی کا آغاز کیا گیا ہے ،جہاں کئی مقامات پر ہیلی کاپٹروں نے شیلنگ کی ہے۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ رات ہیلی کاپٹروں کی پروازیں جاری رہیں جبکہ آج بھی ہیلی کاپٹروں کی پروازیں دیکھنے میں آئی ہیں۔
علاقائی ذرائع کا کہنا ہے گذشتہ روز مقامی افراد کے گھروں کو گن شپ ہیلی کاپٹروں نے شیلنگ میں نشانہ بنایا تاہم جانی نقصانات کی اطلاعات نہیں ہے۔
ادھر خاران کے علاقے گواش سرگردان میں پاکستانی فورسز کی بڑی نفری نے گھروں اور زرعی زمینوں کو گھیرے میں لے کر فوج کشی کر رہے ہیں ۔
مقامی ذرائع کے مطابق فورسز چادر و چاردیواری کی پامالی کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی لے رہے ہیں۔
علاوہ ازیں ضلع کیچ کے علاقے تمپ، کلبر میں گذشتہ رات مسلسل جاسوس طیاروں کی پروازیں جاری رہیں۔
اطلاعات ہیں کہ بلوچستان بھر میں فوجی نقل و حرکت میں تیزی لائی گئی ہے ۔