جیئند بلوچ اور ساتھیوں کو 11 اگست تک بازیاب نہیں کیا گیا تو 12 اگست کو ہدہ منو جان روڈ سے ایک پر امن ریلی نکالی جائے گی۔ پریس کانفرنس

شال پریس کلب میں بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی چیئرمین جیئند بلوچ کی اہلیہ رضوانہ بلوچ نے دیگر اہلخانہ اور وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز وی بی ایم پی کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے کانفرنس کا مقصد جو جبر و اذیت پچھلے کئی سالوں سے ہمارے خاندان پر مسلط کی گئی ہے اس کا ازالہ و انصاف کی حصولی ہے۔

انھوں نے کہاکہ 26 جلائی کی رات کو اسپنی روڈ کوئٹہ سے بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی چیئرمین جیئند بلوچ اور سینئر وائس چیئرمین شیر باز بلوچ کو چند دیگر دوستوں کے ہمراہ پولیس اور سادہ لباس میں ملبوس افراد نے جبری گرفتار کیا اور قائد آباد تھانہ لے گئے۔ جس کے اگلے روز ہی دیگر ساتھیوں میں کچھ کو رہا اور کچھ کو جیل منتقل کیا گیا جبکہ جیئند بلوچ اور شیر باز بلوچ کو نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا جن کے متعلق تاحال کوئی اطلاع نہیں۔ 

پریس کانفرنس دوران کہاکہ بلوچ سماج میں بی ایس او بلوچ طلبہ و نوجوانوں کیلئے سیاسی و سماجی علوم کے درسگاہ کی حیثیت رکھتی ہے جو تاریخی طور پر طلبہ و عوام کے مجموعی مسائل و محکومیت کے خلاف جمہوری و ترقی پسند اصولوں پر قائم نمائندہ تنظیم رہی ہے۔ مگر بد قسمتی سے پچھلے کئی دہائیوں سے بلوچ سماج پر مسلط جبر و استحصال پر قائم پالیسیوں کے زریعے ہر طرح کے سیاسی و جمہوری طرز جہدوجہد پر قدغن لگائی گئی ہے۔ حق کی بات کرنے یا احتجاج پر عوام پر گولیاں برسائی جاتی ہیں اور نوجوانوں کو جبری گمشدگی اور جھوٹے مقدمات کا نشانہ بنا کر ظلم کے خلاف ہر آواز کو دبانے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں جیئند بلوچ اور شیر باز بلوچ سمیت ہزاروں لاپتہ نوجوان ظلم کے خلاف آواز بننے کے پاداش میں جبری گمشدگی کا شکار ہیں۔ 

انھوں نے کہاکہ پچھلے کئی سالوں سے ہمارے خاندان کو مسلسل جبری گمشدگیوں اور جھوٹے مقدمات کا سامنا ہے۔ 29 نومبر 2018 کے نیم شب ہمارے گھر سے فورسز نے جیئند بلوچ، انکے والد اور چھوٹے بھائی حسنین بلوچ کو جبری لاپتہ کیا۔ جیئند بلوچ کو 8 مہینوں تک ٹارچر سیل میں بنا کسی جواز کے قید رکھا گیا جبکہ کم عمر حسنین بلوچ پر جھوٹے مقدمات دائر کر کے کراچی جیل منتقل کیا گیا جو تاحال جیل میں قید ہے۔ ان واقعات سے خاندان کو مسلسل زہنی اذیت و کوفت میں مبتلا کیا جاتا رہا ہے جو اب بھی جاری ہے۔ ہمارے خاندان پر مسلط اس ظلم سے ہم نجات اور انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں۔ 

انھوں نے کہاکہ 28 جولائی کو گوادر میں ہونے والے راجی مچی کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن کے باعث کوئٹہ اور بلوچستان بھر میں سینکڑوں کی تعداد میں نوجوانوں کو گرفتار و لاپتہ کیا گیا جن میں جیئند بلوچ اور شیر باز بلوچ بھی شامل ہیں جنہیں نہ عدالت میں پیش کیا گیا ہے اور نہ ہی جیل منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس تھانوں سے نوجوانوں کا لاپتہ ہونا خاندان کیلئے باعث تشویش اور عوام کے تحفظ کے نام پر قائم ریاستی اداروں پر سوالیہ نشان بھی ہے۔

ہم اس پریس کانفرنس کے توسط سے ریاستی اداروں کو بھی یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ جیئند بلوچ اور شیر بلوچ زمہ دار اور پرامن سیاسی طلباء رہنما ہیں ۔ اگر کسی بھی قسم کے جرم کے مرتکب ہوئے ہیں انہیں باعزت طریقے سے بازیاب کر کے ریاستی عدلیہ میں پیش کیا جائے۔ بصورت دیگر ہمارے خاندان کے بے گناہ نوجوانوں کو ماورائے عدالت عقوبت خانوں میں قید رکھنا ہمیں کسی صورت قبول نہیں۔ اگر جیئند بلوچ اور شیرباز بلوچ کو 11 اگست تک بازیاب نہیں کیا گیا تو اہلخانہ کی جانب سے 12 اگست بروز سوموار ہدہ منو جان روڈ سے ایک پر امن ریلی نکالی جائے گی۔ ہم تمام ترقی پسند سیاسی و سماجی حلقوں سے گزارش کرتے ہے کہ جیئند بلوچ اور شیرباز بلوچ کے باحفاظت بازیابی کیلئے تعاون کریں اور ریلی سمیت سوشل میڈیا ٹرینڈز میں بھرپور شرکت کریں۔

مدیر

نیوز ایڈیٹر زرمبش اردو

مدیر

نیوز ایڈیٹر زرمبش اردو

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

ہمیں اپنے راستے اپنے حالات کے مطابق خود بنانے ہیں، قاضی ریحان کی جے کے پی این پی کی نشست سے گفتگو

بدھ اگست 7 , 2024
بلوچ نیشنل موومنٹ ( بی این ایم) کے سیکریٹری اطلاعات و ثقافت قاضی داد محمد ریحان نے جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کی آگہی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہمیں دنیا کے لٹریچر اور تحریکوں کا مطالعہ ضرور کرنا چاہیے لیکن ہمیں اپنے راستے اپنے زمینی حقائق، سماج اور […]

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ