
بلوچستان کے ضلع ڈیرہ مراد جمالی میں قومی شاہراہ پر دورانِ گشت پولیس موبائل پر نامعلوم افراد کے دستی بم حملے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ اس وقت ہوا جب پولیس کی موبائل گشت پر تھی۔ دستی بم حملے کے فوراً بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے جبکہ سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال ڈیرہ مراد جمالی، ڈاکٹر نصیر احمد عمرانی کے مطابق زخمیوں میں دو پولیس اہلکار، ایک خاتون اور دو بچے بھی شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جب کہ بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق حملہ آور واقعے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
