
بلوچستان کے ضلع کیچ میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ تربت کے علاقے آبسر میں پیش آیا، جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے دو افراد کو زخمی کر دیا۔ زخمیوں کی شناخت ظفر ولد فقیر اور رحمت ولد منظور کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ظفر کو دو جبکہ رحمت کو ایک گولی لگی۔ دونوں کا تعلق آبسر کولوائ بازار سے بتایا جاتا ہے۔
دوسرا واقعہ تربت کے علاقے کلاتوک میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے مہراج ولد عبدالغفور کو زخمی کر دیا۔ ذرائع کے مطابق واقعہ کلاتوک اسکول کے قریب پیش آیا۔ زخمی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
فائرنگ کی وجوہات اور ملزمان کے بارے میں تاحال مزید معلومات سامنے نہیں آسکیں۔
