واشک سے لاپتہ شخص کی لاش برآمد، زہری سے خاتون بازیاب، مزید چار افراد جبری لاپتہ

بلوچستان کے ضلع واشک سے جبری لاپتہ ہونے والے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جبکہ زہری سے لاپتہ خاتون بازیاب ہو گئی ہیں۔ دوسری جانب بلوچستان اور کراچی سے مزید چار افراد کے جبری لاپتہ کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، ضلع واشک کے علاقے بیسمہ پتک قادر آباد سے تعلق رکھنے والے محمد اعظم ولد عبد الرحمان کی گولیوں سے چھلنی لاش 6 اکتوبر 2025 کو گوورگی ناگ کے علاقے سے ملی۔
38 سالہ محمد اعظم مقامی سطح پر دکاندار اور تاجر کے طور پر جانے جاتے تھے۔ وہ 11 ستمبر 2025 کو اپنی دکان سے لاپتہ ہوئے تھے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستانی فورسز نے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا تھا۔ تقریباً پچیس دن بعد ان کی لاش برآمد ہونے پر علاقے میں خوف و افسوس کی فضا پیدا ہو گئی۔

دوسری جانب زہری سے جبری لاپتہ خاتون بی بی صفیہ، جو شیخ عبدالصمد کی بہن ہیں، بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق انہیں دو روز قبل فورسز نے حراست میں لیا تھا۔

ادھر بلوچستان اور کراچی کے مختلف علاقوں سے مزید چار افراد کے جبری لاپتہ کیے جانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق مہران اشرف، رحمت ہالکو، حامد بلوچ اور ممتاز صالح نامی افراد کو مختلف علاقوں سے حراست میں لے جایا گیا۔

کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال بلاک 10 سے یکم اکتوبر 2025 کو 18 سالہ طالب علم مہران اشرف کو، اہلِ خانہ کے مطابق، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کے اہلکار اپنے ساتھ لے گئے۔
مہران کا تعلق بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے آبسر سے بتایا جاتا ہے، اور وہ تعلیم کے سلسلے میں کراچی میں مقیم تھے۔

اسی ضلع کیچ کے علاقے زوربازار تربت سے رحمت ہالکو کو 5 اکتوبر کو نامعلوم افراد زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق چند نقاب پوش افراد گاڑیوں میں آئے اور انہیں اغواء کرلیا۔
اسی طرح 2 اکتوبر کو تربت کے علاقے گلشن آباد میں ممتاز صالح کو ان کے گھر سے فورسز نے حراست میں لیا۔

ایک اور واقعہ 5 اکتوبر کو ضلع گوادر کے علاقے کُلانچ کے گاؤں داندو میں پیش آیا، جہاں حامد بلوچ نامی شخص کو نامعلوم افراد نے اغواء کرلیا۔

مدیر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

مستونگ: مسلح افراد نے بینک لوٹ لیا، 15 لاکھ روپے سے زائد نقدی لے اڑے

منگل اکتوبر 7 , 2025
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں مسلح افراد نے بینک ڈکیتی کی بڑی واردات میں لاکھوں روپے لوٹ لیے۔ واقعہ منگل کی صبح شہر کے مصروف بازار میں پیش آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 6 سے 8 مسلح افراد مستونگ بازار میں واقع الائیڈ بینک میں داخل ہوئے اور عملے کو […]

توجہ فرمائیں

زرمبش اردو

زرمبش آزادی کا راستہ

زرمبش اردو ، زرمبش براڈ کاسٹنگ کی طرف سے اردو زبان میں رپورٹس اور خبری شائع کرتا ہے۔ یہ خبریں تحریر، آڈیوز اور ویڈیوز کی شکل میں شائع کی جاتی ہیں۔

آسان مشاہدہ