
کوئٹہ: بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی اسیر قیادت کو آج بروز ہفتہ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، بیبو بلوچ، گلزادی، ماما غفار، صبغت اللہ شاہ جی اور بیبرگ بلوچ کے پولیس ریمانڈ میں مزید 20 روز کی توسیع کر دی۔
عدالتی پیشی کے دوران عوام، اہل خانہ اور سیاسی حلقوں کی جانب سے بی وائی سی قیادت کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو ایک ویڈیو میں عدالتی نظام پر تنقید کرتے ہوئے یہ کہتے سنا گیا کہ “ہم مزید ریمانڈ لینے آئے ہیں”۔ ایک اور ویڈیو میں وہ جج سے مخاطب ہو کر سوال کرتی ہیں کہ “ہم سے کوئی سوال جواب کیے بغیر کس بنیاد پر ہمیں دوبارہ ریمانڈ پر بھیجا جا رہا ہے؟”
تمام اسیران عدالت میں پرعزم دکھائی دیے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور ان کے ساتھی گزشتہ تین ماہ سے تھری ایم پی او کے تحت قید ہیں اور ان پر جھوٹے مقدمات میں پہلے 10 دن، پھر 15 دن اور اب مزید 20 دن کا ریمانڈ دیا گیا ہے۔