
گوادر: بلوچ وومن فورم نے آج ساحلی شہر گوادر کے مختلف علاقوں پشوکان، گنز، پانوان، بندری اور جیونی میں آگاہی مہم کے تحت پمفلٹ تقسیم کیے۔ یہ مہم عوام میں شعور بیدار کرنے اور اپنے سیاسی موقف کو پرامن طریقے سے عام کرنے کے لیے چلائی گئی۔
فورم کے مطابق، اس دوران ریاستی اداروں سے تعلق رکھنے والے افراد نے مداخلت کرتے ہوئے پمفلٹ تقسیم کرنے سے روکنے کی کوشش کی اور تنبیہ بھی کی۔ بلوچ وومن فورم نے واضح کیا ہے کہ ریاست اس قسم کے اقدامات پہلے بھی کر چکی ہے، لیکن ان کا مقصد صرف پرامن سرگرمیوں کو دبانا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم پرامن ہیں اور پرامن طریقے سے اپنی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔ اس طرح کے انتباہات ہمیں ہماری سیاسی سرگرمیوں سے روک نہیں سکتے۔
فورم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ سنگین صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ تعاون کریں۔

