
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں آج پاکستانی فورسز کو آئی ای ڈی بم حملے میں پاکستانی فوج کے میجر زیاد سمیت اہلکاروں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق حملہ مستونگ کے علاقے تلخ کاوی کے مقام پر ہوا، دھماکے میں پاکستانی فوج کے ایک اعلیٰ افسر میجر زید سمیت متعدد اہلکار ہلاک ہو گئے۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب بلوچستان بھر میں بلوچ آزادی پسندوں کی کارروائیوں میں واضح اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ صرف گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پاکستانی فوج کے تین میجر رینک کے افسران سمیت درجنوں اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔
16 جولائی کو ضلع آواران کے علاقے جھاؤ میں ایک گھات حملے میں میجر رب نواز سمیت چھ اہلکار ہلاک ہوگئے تھے، جس کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) نے قبول کی تھی۔
19 جولائی کو کوئٹہ کے علاقے جبل نور میں ہونے والے ایک بم حملے میں میجر انور کاکڑ ہلاک ہوئے، جس کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔
تاہم آج مستونگ میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔