
بلوچستان کے ساحلی شہر پسنی کے وارڈ نمبر 4 زوبگ محلہ سے مبینہ طور پر لاپتہ ہونے والے نوجوان سراج اسلم کی بازیابی کے لیے اہلِ خانہ نے پسنی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ سراج اسلم ایک بے گناہ شہری ہے جسے بلا جواز حراست میں لیا گیا ہے۔ اہلِ خانہ کے مطابق سراج اسلم کو 5 جولائی کی رات ان کے گھر سے اٹھایا گیا، جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں اور ان کا کوئی سراغ نہیں مل رہا۔
احتجاجی مظاہرے کے دوران سراج اسلم کے اہلِ خانہ نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر سراج کی تصاویر آویزاں تھیں۔ مظاہرین نے حکام بالا سے سراج اسلم کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔
سراج کے والد اسلم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا بے گناہ ہے اور اس کا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیملی اس وقت شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہے اور ہم صرف اپنے بیٹے کی واپسی چاہتی ہے۔
احتجاج میں سول سوسائٹی کے افراد نے بھی شرکت کی اور سراج اسلم بلوچ کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔

