
بلوچستان کے ضلع آواران میں ہیلی کاپٹر کی پروازیں اور علاقائی اطلاعات کے مطابق شمالی پہاڑی سلسلے میں فوجی کارروائی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق آج صبح سے ہیلی کاپٹر آواران شہر میں پاکستانی فوج کے مرکزی کیمپ سے مسلسل آتے اور شمالی پہاڑوں کی طرف جاتے دیکھے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ آواران شہر میں گزشتہ چند روز سے سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے کہ اگر ریجنل ٹھیکیدار سمیت کسی نے ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر غیر مقامی مزدوروں کو کام پر رکھا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دریں اثناء آج صبح سے ہیلی کاپٹر فضا میں گردش کر رہے ہیں اور پہاڑی سلسلے میں پروازیں کر رہے ہیں جس سے خدشہ پیدا ہو رہا ہے کہ فورسز کئی کسی مقام پر فوجی آپریشن کر رہی ہیں۔
تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان یا گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، اس حوالے سے مزید تفصیلات آنا باقی ہیں۔

