
وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ہم تنظیمی سطح پر بلوچ مسلح تنظیم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف نورزئی کو فوری طور پر رہا کرے تاکہ ان کے اہلِ خانہ کو درپیش شدید ذہنی اذیت اور کرب کا خاتمہ ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ محمد حنیف نورزئی ایک سرکاری افسر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک خاندان کے کفیل بھی ہیں، جن کی غیر موجودگی نے ان کے عزیز و اقارب کو بے حد مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ نصراللہ بلوچ نے کہا کہ انسانی اقدار اور بلوچ روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے حنیف نورزئی کی باحفاظت واپسی کو یقینی بنایا جائے تاکہ خاندان کی پریشانی دور ہو اور علاقے میں ایک مثبت پیغام جائے۔