
بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی سے فرنٹیئر کور (ایف سی) اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے ایک نوجوان کو حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتہ کر دیا ہے۔
لاپتہ ہونے والے شخص کی شناخت شاہ میر ولد شاہ بیگ بگٹی (ڈوڈوانی) کے نام سے ہوئی ہے، جو کوئٹہ سے اپنے ایک رشتہ دار کے انتقال پر تعزیت کے لیے سوئی آئے تھے۔ ذرائع کے مطابق، انہیں سیکیورٹی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، اور تاحال ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ میر کا کوئٹہ میں کاروبار ہے، اور ان کی جبری گمشدگی کے بعد ایف سی اور آئی ایس آئی کی جانب سے ان کے اہل خانہ سے مبینہ طور پر بھاری رقم بطور بھتہ طلب کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں تحصیل سوئی سے پانچ افراد کو لاپتہ کیا گیا ہے۔ ان میں سے ایک شخص کو مبینہ طور پر بیس لاکھ روپے کی ادائیگی کے بعد رہا کیا گیا، جبکہ دو دیگر افراد کے بدلے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ افراد تاحال خفیہ اداروں کی تحویل میں بتائے جا رہے ہیں۔

