
خیبرپختونخواہ کے سیاحتی ضلع سوات میں 27 جون 2025 کو شدید بارش کے بعد دریائے سوات میں طغیانی آگئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد سیلابی ریلے کی زد میں آ کر بہہ گئے۔ اب تک 7 افراد کی لاشیں برآمد کر لی ہیں جبکہ کم از کم 16 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقامی اور سیاح دریا کنارے موجود تھے۔ ڈغری بائی پاس، غالیگے، مانیار اور پانجیگرام کے مقامات پر دریا کا بہاؤ غیر معمولی طور پر تیز ہوا، جس سے لوگ سنبھل نہ سکے اور پانی میں بہہ گئے۔
ریسکیو 1122 اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، حکام کے مطابق اب تک 20 سے زائد افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے جبکہ باقی کی تلاش کے لیے دریا کے مختلف حصوں میں سرچ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے، جس کے سبب مزید سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ PDMA اور NDMA نے الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام سے دریا کے قریب جانے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ لوگ دریا کنارے تصویریں لے رہے تھے اور کچھ پانی میں نہا رہے تھے، جب اچانک ایک بڑا ریلہ آیا اور انہیں اپنے ساتھ بہا لے گیا۔

