
بلوچستان کے اضلاع کیچ اور نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پاکستانی فوج کے ہاتھوں لاپتہ نوجوان رہائی کے بعد قتل کر دیے گئے۔ نوشکی میں مسلح افراد کی ناکہ بندی کے دوران گرفتار شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، کیچ میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت عدیل ولد ماسٹر اقبال کے نام سے ہوئی ہے، جو تربت کے علاقے آبسر کے رہائشی تھے، جنہیں مسلح افراد نے پارک ہوٹل کے قریب نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔ عدیل 8 مارچ 2023 کو پاکستانی فوج کے ہاتھوں جبری گمشدگی کا شکار ہوئے تھے اور کئی مہینوں تک لاپتہ رہنے کے بعد رہا ہوئے تھے۔ رہائی کے بعد انہیں قتل کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستانی فوج کی سرپرستی میں قائم ڈیتھ اسکواڈ کے کارندے اس سے قبل بھی کئی بار پاکستانی فورسز کی حراست سے رہائی کے بعد نوجوانوں کو قتل کر چکے ہیں۔
دوسری جانب ضلع نوشکی کے رہائشی شخص کی لاش خاران کے علاقے لجے سے برآمد ہوئی، مذکورہ شخص کو مسلح افراد اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔
لجے کے علاقے بوربنج سے ایک شخص کی لاش ملی ہے، جسے گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔ لاش کو لیویز فورس نے جائے وقوعہ سے پتکن اسپتال پہنچایا۔
بعدازاں مذکورہ شخص کی شناخت سمیع سرپرہ ولد فتح محمد سرپرہ سکنہ نوشکی کے نام سے ہوئی۔