
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی (بساک) کی جانب سے نال کے علاقے گریشگ میں شعیب بلوچ اور ماسٹر وہاب بلوچ کی یاد میں ایک ادبی و تعلیمی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں تقاریر، پینل ڈسکشن، بچوں کے لیے گام کلاس، ڈرامہ، ڈاکیومنٹری، تحقیقی مقالے، بلوچستان کتاب کاروان کے زیرِ اہتمام کتب میلہ، اور مشاعرہ شامل تھا۔
بساک کے مرکزی رہنماؤں محمد بلوچ، فہد بلوچ اور جویریہ بلوچ نے بطور مہمانِ خاص تقریب میں شرکت کی۔
رہنماؤں نے اپنے خطابات میں کہا کہ نوجوانوں کو شعوری و علمی میدان سے دور رکھنے کے لیے مختلف سازشیں کی گئی ہیں، جن کے باعث معاشرے میں علمی زوال، ذہنی الجھنیں اور سماجی برائیاں جنم لے چکی ہیں۔ تاہم مسلسل جدوجہد کے ذریعے نوجوانوں میں شعور بیدار ہوا ہے، اور آج وہ معاشرے کو علمی بنیادوں پر استوار کرنے کی جدوجہد میں صفِ اول میں کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی و ادبی تقریبات، بچوں کے لیے گام کلاسز، اور اسکولوں میں کیریئر کونسلنگ جیسی سرگرمیوں کے ذریعے ہی ایک باعلم اور باشعور سماج کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔
تقریب میں علاقے کے نوجوانوں، طلبہ، اساتذہ، بزرگوں اور بچوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی اور اس ادبی و تعلیمی سرگرمی کو سراہا۔