
بارکھان شہر کے علاقے رکنی میں مرکزی بازار کے قریب زور دار بم دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہلاک جبکہ کم از کم 10 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکہ موٹر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا ہے۔
ہلاک ہونے والے افراد میں سے ایک کی شناخت لقمان ولد محمد حنیف کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق درگاہ سخی سرور سے بتایا جا رہا ہے۔ زخمیوں میں چار کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں فوری طور پر قریبی طبی مراکز میں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈیرہ غازی خان اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دھماکے سے قریبی دکانوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، جبکہ جائے وقوعہ کے قریب کھڑی ایک پک اپ گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
دھماکے کے فوراً بعد پولیس، لیویز اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر جائے وقوعہ کو سیل کر دیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور تفتیشی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر شواہد جمع کیے، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔