
بھارت کے شہر احمد آباد میں ایئر انڈیا کا ایک مسافر طیارہ ٹیک آف کے فوری بعد رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں درجنوں مسافروں کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایئر انڈیا کی پرواز AI171، جو احمد آباد سے لندن گیٹ وک کے لیے روانہ ہوئی تھی، روانگی کے چند منٹ بعد مگھانی نگر کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گئی۔ طیارے میں 230 مسافر اور 12 عملہ سوار تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق طیارے نے پرواز کے فوراً بعد غیر معمولی حرکات دکھائیں، اور پھر زوردار دھماکے کے ساتھ رہائشی علاقے میں جا گرا۔ حادثے کے بعد علاقے میں آگ بھڑک اٹھی اور دھوئیں کے بادل بلند ہونے لگے۔
پائلٹ کی جانب سے کنٹرول ٹاور کو “میڈے کال” موصول ہوئی تھی، جس کے بعد رابطہ منقطع ہو گیا۔ طیارہ صرف 625 فٹ کی بلندی پر تھا جب اس کا زمین سے رابطہ ٹوٹ گیا۔
حادثے کے بعد فائر بریگیڈ، ایمبولینسز اور NDRF کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ کئی زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ اب تک ہلاکتوں کی تصدیق کے حوالے سے سرکاری سطح پر کوئی حتمی بیان سامنے نہیں آیا، تاہم ابتدائی رپورٹس میں 50 سے زائد ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیر ہوا بازی رام موہن نائیڈو نے بھی واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، جبکہ ڈی جی سی اے اور دیگر متعلقہ ادارے شواہد اکٹھے کر کے حادثے کی وجوہات کا جائزہ لے رہے ہیں۔