
بلوچستان کے اضلاع بولان اور ہرنائی میں مسلح افراد نے سڑک پر ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ کی، جبکہ ایک موبائل ٹاور کی مشینری کو نذرِ آتش کرکے تباہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق بولان میں منگل کی شام مسلح افراد نے کوئٹہ اور زرغون گیس فیلڈ کے درمیان مارگٹ روڈ پر ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی تلاشی لی۔ اس دوران ایک شخص کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، تاہم ابھی تک ان کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے زردآلو میں مسلح افراد نے پاکستانی فوج کی جانب سے جاسوسی کے لیے نصب کیے گئے موبائل ٹاور کی مشینری کو نذرِ آتش کردیا، جبکہ ٹاور پر لگے کیمروں کو بھی نشانہ بنا کر نقصان پہنچایا گیا ہے۔
دونوں کارروائیوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔