
بلوچستان کے ساحلی شہروں گوادر اور اورماڑہ سمیت کراچی کے علاقے ملیر میں اتوار کے روز زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر میں زلزلے کی شدت 3.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 9 کلومیٹر تھی۔ ملیر کے مختلف علاقوں میں شہریوں نے جھٹکوں کو محسوس کیا۔
دوسری جانب، بلوچستان کے ساحلی شہر اورماڑہ میں شام 5 بج کر 14 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس علاقے میں زلزلے کی شدت 3.1 اور گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز اورماڑہ سے 118 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع تھا۔
اسی طرح گوادر میں بھی زلزلے کے ہلکے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے، جن کا مرکز شہر سے 8 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا۔ مکران کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق زلزلے کے باعث کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔