
بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں جعلی مقابلے میں قتل کیے گئے چار افراد میں سے ایک کی شناخت پہلے سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری لاپتہ سعید مری کے طور پر ہوئی ہے، جن کے دو بیٹے پہلے ہی اسی طرح کے جعلی مقابلوں میں قتل کیے جا چکے تھے۔
ذرائع کے مطابق، سعید مری کو پاکستانی فورسز نے ان کے دو جوان بیٹوں کے ساتھ کچھ عرصہ قبل جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا۔ ان کے بڑے بیٹے عبدالنبی مری کی لاش 18 اپریل کو دکی سے ملی تھی جسے پاکستانی فورسز نے ایک جعلی مقابلے میں قتل کیا تھا۔ بعد ازاں چھوٹے بیٹے وارث مری کی لاش یکم مئی کو سنجاوی سے برآمد ہوئی جسے بھی فورسز نے ایک جعلی مقابلے میں مارنے کا دعویٰ کیا تھا۔
آج ہرنائی کے علاقے سنجاوی روڈ، طور خان سے چار لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن میں سے ایک کی شناخت سعید مری کے طور پر ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، یہ چاروں افراد پہلے سے لاپتہ تھے اور بظاہر انہیں زیرِ حراست رکھنے کے بعد قتل کر کے جعلی مقابلے کا رنگ دیا گیا ہے۔
بلوچستان میں حالیہ مہینوں کے دوران ایسے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں جن میں ایک ہی خاندان کے کئی افراد کو پہلے لاپتہ کیا گیا، اور پھر مختلف مقامات سے ان کی لاشیں برآمد ہوئیں، جنہیں مقابلوں میں مارنے کا دعویٰ کیا گیا۔

