
بلوچستان میں دو مختلف واقعات میں ایک شخص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، جبکہ ایک پرانی لاش برآمد ہوئی ہے۔
ضلع قلات کے علاقے منگچر بازار میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار نقاب پوش مسلح افراد کی فائرنگ سے مولاداد ولد قادر بخش سکنہ کوہک نیچاری جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ مقامی انتظامیہ نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
دوسری جانب ضلع مستونگ کے علاقے کلی پردل کے قریب واقع جنگل سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق لاش 3 سے 4 روز پرانی اور ناقابل شناخت ہے۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے ایدھی ریسکیو سروس کے ذریعے اسے سول ہسپتال کوئٹہ کے مردہ خانے منتقل کیا جائے گا۔
تاہم، دونوں واقعات کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے۔