
بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے نال میں سی پیک روڈ پر واقع صمند چیک پوسٹ کے قریب نامعلوم افراد نے موبائل ٹاور پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ٹاور کا چوکیدار محمد اسلم ولد محمد بخش موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق ملزمان فائرنگ کے بعد تاریکی کا فائدہ اٹھا کر موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے بعد مقتول کے ورثاء نے لاش کو سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
تقریباً ایک گھنٹے کی مشاورت اور مذاکرات کے بعد نال انتظامیہ اور لواحقین کے درمیان بات چیت کامیاب ہوئی جس کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا سڑک کھول دی گئی اور لواحقین نے میت کو تدفین کے لیے قبرستان منتقل کر دیا۔