
قلات کے علاقے شیخڑی، گندہ گین سے برآمد ہونے والی دو لاشوں کی شناخت سمیع اللہ ولد محمد حنیف اور بسم اللہ ولد غلام سرور کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں گزشتہ ہفتے مستونگ سے پاکستانی فورسز نے جبری طور پر لاپتہ کیا تھا۔
لیویز ذرائع کے مطابق دونوں افراد کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا، اور لاشیں آر ایچ سی منگچر منتقل کر دی گئی ہیں، جہاں قانونی کارروائی جاری ہے۔ مقتولین کا تعلق ضلع مستونگ کے علاقے پڑنگ آباد سے تھا۔
اہلِ خانہ نے تصدیق کی ہے کہ سمیع اللہ اور بسم اللہ کو 29 مئی کو ایف سی اہلکاروں نے حراست میں لیا تھا، جس کے بعد وہ لاپتہ تھے۔
آج ہی پاکستان فوج کے ترجمان آئی ایس پی آر نے قلات میں دو بلوچ آزادی پسندوں کو مارنے کا دعویٰ کیا تھا جس کے بعد ان ہی افراد کی لاشیں ملنے سے یہ شبہ تقویت پکڑ رہا ہے کہ انہیں جبری طور پر لاپتہ کرنے کے بعد ماورائے عدالت قتل کیا گیا ہے۔