
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بلوچستان کے دو مختلف علاقوں میں فوجی جارحیت کے دوران سات بلوچ آزادی پسند سرمچاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فورسز نے بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں ایک کارروائی کے دوران ایک بلوچ مسلح تنظیم کے پانچ ارکان کو ہلاک کیا، جبکہ ایک اور کارروائی میں ضلع قلات کے علاقے مورگند میں مذکورہ تنظیم کے مزید دو ارکان کو مارا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان آپریشنز کے دوران ہلاک ہونے والے افراد سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ تاہم، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر میں صرف ایک کلاشنکوف دکھائی دے رہی ہے، جس کے باعث شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ افراد ممکنہ طور پر لاپتہ افراد ہو سکتے ہیں۔ ان کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔
ماضی میں بھی متعدد مرتبہ جعلی مقابلوں میں لاپتہ افراد کو ہلاک کر کے انہیں بلوچ سرمچار ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ صرف گزشتہ ماہ ہی کئی ایسے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔
تاحال بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیموں کی جانب سے اس واقعے پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔