
بلوچستان کے اضلاع کیچ اور مستونگ میں پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری لاپتہ پانچ افراد بازیاب ہو گئے، جبکہ مزید دو افراد کو جبری طور پر لاپتہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت سے پانچ لاپتہ افراد بازیاب ہوئے، جنہیں پہلے تربت پولیس تھانے منتقل کیا گیا، بعد ازاں ان کے لواحقین کو اطلاع دے کر انہیں حوالے کر دیا گیا۔ بازیاب ہونے والے افراد میں غلام قادر ولد دوست ساکن بلیدہ، دل مراد ولد محمد حسین ساکن آسکانی آپسر، زاکر حیدر ولد حیدر، زید ولد ملا عبداللہ سلالہ بازار آپسر اور عبدالمجید ولد عبدالغنی ساکن گلی بلیدہ شامل ہیں۔
دوسری جانب، مستونگ کے علاقے کلی عزیز آباد سے تعلق رکھنے والے اورنگزیب ولد محمد عمر محمد شہی کو گزشتہ شب دو بجے کے قریب پاکستانی فورسز نے ان کے گھر سے حراست میں لینے کے بعد جبری لاپتہ کر دیا۔ خاندانی ذرائع نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔
اسی طرح مستونگ ہی سے تعلق رکھنے والے لیویز اہلکار غلام جان ولد غلام سرور سکنہ عزیز آباد نمبر 2 کو بھی گزشتہ رات تین بجے کے قریب گھر سے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کر دیا گیا۔ ان کے اہلِ خانہ نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ غلام جان کی فوری بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔