
بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے جھاؤ میں پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں نے ایک نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاپتہ ہونے والے نوجوان کی شناخت درمان ولد رحیم بخش کے نام سے ہوئی ہے، جو جھاؤ کے علاقے چھبی کا رہائشی ہے۔ دو روز قبل پاکستانی فوج نے درمان کو دیگر افراد کے ہمراہ کیمپ بلایا تھا، بعدازاں دیگر افراد کو رہا کر دیا گیا، تاہم درمان کو تحویل میں رکھا گیا۔
علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ جس روز درمان کو رہا کیا گیا اُس دن اہلِ خانہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ صبح درمان کو ہیڈکوارٹر لائیں۔ آج اہلِ خانہ درمان کو پیشی کے لیے لے کر گئے تھے، لیکن جب وہ صبح کے وقت واپس گھر لوٹ رہے تھے تو راستے میں کیمپ کے قریب پاکستانی خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے درمان کو دوبارہ اغوا کر لیا۔
اہل خانہ نے درمان کی جبری گمشدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔