
بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے گلنگور میں چار افراد کی گولیاں لگی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ لیویز فورس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے نوشکی ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق مقتولین کی شناخت پنجاب کے رہائشیوں کے طور پر ہوئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں دو افراد کا تعلق پاکپتن سے ہے جن کی شناخت معین ولد غلام مصطفیٰ اور حزیفہ ولد محمد لطیف کے نام سے ہوئی ہے۔ دیگر دو افراد عمران علی ولد مقصود احمد اور عرفان علی ولد مقصود احمد کا تعلق رحیم یار خان سے بتایا جا رہا ہے۔
لیویز حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے ان افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی شواہد کے مطابق مقتولین کو فائرنگ یا ممکنہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے تاہم حتمی حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔ حکام کے مطابق واقعے کی وجوہات اور پس منظر جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔