
سابق چیئرمین بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل جامعہ زکریا، شعیب بنگلزئی ولد حاجی دین محمد بنگلزئی کو کراچی کے علاقے گلشن اقبال سے سادہ لباس میں ملبوس افراد نے اغوا کر لیا ہے۔ واقعہ پیر کی شب تقریباً 2:30 بجے پیش آیا۔
شعیب بنگلزئی کا تعلق بلوچستان کے ضلع نصیر آباد کے شہر ڈیرہ مراد جمالی سے ہے۔ انہیں ان کے گھر کے قریب سے زبردستی اٹھا کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ اب تک ان کی موجودہ حالت یا مقام سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایک واضح مثال ہے جبری گمشدگی کی، جو نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ متاثرہ خاندان کے لیے شدید اذیت اور ذہنی دباؤ کا باعث بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے سول سوسائٹی، صحافیوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور تمام با ضمیر افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ شعیب بلوچ کی فوری اور بحفاظت رہائی کے لیے آواز بلند کریں اور متعلقہ اداروں پر دباؤ ڈالیں تاکہ اس سنگین مسئلے کا حل نکالا جا سکے۔