
گوادر میں نامعلوم مسلح افراد نے پنجاب کے رہائشیوں کی رہائش گاہ پر دستی بم حملہ کیا، جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک حملہ آور ہلاک ہوگئے، جبکہ تین غیرمقامی افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز سید ہاشمی ایوینیو پر واقع بلال مسجد کے قریب پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کے رہائشی کوارٹر کو نامعلوم حملہ آوروں نے دستی بم سے نشانہ بنایا۔ حملے کے بعد ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں تین پنجابی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر جی ڈی اے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جس کے دوران حملہ آوروں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک حملہ آور ہلاک ہو گئے، جبکہ دیگر حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کے محرقات معلوم نہیں ہوسکے۔